ہمیں فالو کریں
وزیر نیوز۔

متحدہ عرب امارات اور کویت کے درمیان مشترکہ کمیٹی کی عبداللہ بن زاید نے کی سربراہی... دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی 8 یادداشتوں اور ایگزیکٹو پروگراموں پر کئے گئے دستخط

پير 02/9/2024

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے عزت مآب شیخ عبدالله بن زايد آل نهيان نے آج ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات اور ریاست کویت کے درمیان مشترکہ سپریم کمیٹی کے پانچویں اجلاس کے امور کی صدارت کی۔ جبکہ اس دوران کویتی فریق کی سربراہی دوست ملکت دولت کویت کے وزیر خارجہ عزت مآب عبداللہ علی عبداللہ اليحيا کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ اس مشترکہ سپریم کمیٹی کے اجلاس میں دونوں ممالک کے کئی اعلیٰ حکام کے ساتھ ساتھ توانائی اور انفراسٹرکچر کے وزیر محترم سہیل بن محمد المزروعی، وزیر صنعت اور جدید ٹیکنالوجی عزت مآب ڈاکٹر سلطان احمد الجابر، وزیر  برائے کھیل عزت مآب ڈاکٹر احمد بن عبداللہ حمید بالهول الفلاسی، وزیر ثقافت عزت مآب شیخ سالم بن خالد القاسمی، وزیر تعلیم محترمہ سارہ بنت یوسف الامیری اور وزیر مملکت محترم خلیفہ شاہین المرر جیسی شخصیات نے شرکت کی۔
اپنی تقریر کے آغاز میں عزت مآب نے کویتی وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ جہاں اس دوران آپ نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ کمیٹی کے پانچویں اجلاس کا انعقاد دونوں دوست ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی گہرائی کو مجسم کرتا ہے، جس کی بنیاد مرحوم شیخ زايد بن سلطان آل نهيان نے اپنے بھائی شیخ  صباح السالم الصباح اور ان کے بھائی شیخ جابر الاحمد الصباح رحمهم الله کے ساتھ مل کر رکھی تھی۔
عزت مآب نے کہا: "پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ، ہم آج بھی صدر مملکت عزت مآب شیخ محمد بن زايد آل نهيان حفظه الله اور ان کے دوست امیر مملکت کویت عزت مآب شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کی قیادت اور ہدایت کے تحت تعاون اور مشترکہ کام کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
عزت مآب شیخ عبدالله بن زايد آل نهيان نے زور دے کر کہا کہ "جو چیز متحدہ عرب امارات اور کویتی تعلقات اور ان کی مسلسل ترقی کو سب سے زیادہ ممتاز کرتی ہے وہ سماجی اور ثقافتی تعلقات ہیں جس سے دونوں دوست عوام آپس میں ایک دوسرے سے جڑتے ہیں۔ نیز اس میں بھائی چارے اور دوستی کے بندھن، ورثے کا اتحاد، تاریخ اور مشترکہ اقدار شامل ہیں۔" آپ نے مزید کہا: "مختلف شعبوں میں ہم مزید ترقی اور مشترکہ خوشحالی حاصل کرنے کے لیے اس باہمی ربط کو مضبوط اور استوار کرتے رہیں گے۔"
دریں اثناء عزت مآب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ متحدہ عرب امارات اپنے دوست ملک مملکت کویت کو تمام شعبوں میں ایک اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے اور اسے خلیج عرب اور پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے عمل کا ایک لازمی حصہ مانتا ہے۔ 
عالی ذی وقار نے مزید کہا: "ہماری دو طرفہ تیل کے علاوہ کی تجارت نے گزشتہ برسوں میں غیر معمولی ترقی حاصل کی ہے، جوکہ 2023 میں تاریخی طور پر اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جس کی کل مالیت $12 بلین سے تجاوز کر گئی ہے۔"
عزت مآب نے اس بات پر بھی زور دیا: "ہم کویت میں اپنے بھائیوں کے ساتھ اپنی شراکت داری کی بنیاد کو بڑھانے کے لیے مسلسل منتظر ہیں۔ چنانچہ اس میں صنعت، تجارت، قابل تجدید توانائی، نقل و حمل اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے شامل ہیں۔"
دریں اثناء عزت مآب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ متحدہ عرب امارات مختلف بین الاقوامی اداروں اور کثیر جہتی پلیٹ فارمز کے اندر اپنے بھائیوں اور اہم شراکت داروں کے ساتھ تعاون کی ضرورت پر یقین رکھتا ہے۔"
عزت مآب نے اضافہ کرتے ہوئے کہا: "لہذا، ہم کثیرالجہتی سطح پر اپنی شراکت کو مضبوط بنانے کے علاوہ، عالمی اداروں اور فورمز میں دونوں دوست ممالک کی نامزدگیوں کے لیے باہمی تعاون کو جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔"
 عزت مآب شیخ عبدالله بن زايد آل نهيان نے کہا: "متحدہ عرب امارات درہ فیلڈ کے حوالے سے اپنے معاون موقف نیز درہ فیلڈ سمیت منقسم سعودی کویتی زون سے متصل آبدوز کے تقسیم شدہ زون میں قدرتی وسائل کی ملکیت کی تصدیق کرتا ہے۔ جیسا کہ یہ صرف مملکت سعودی عرب اور دولت کویت کے درمیان مشترکہ ملکیت ہے۔ نیز بین الاقوامی قانون کی دفعات کے مطابق اور ان کے درمیان طے پانے والے اور نافذ العمل معاہدوں کی بنیاد پر صرف انہیں ہی اس خطے کے قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے کا پورا حق حاصل ہے۔"
اپنی تقریر کے آخر میں، اپنے دوست محترم عبداللہ علی اليحيا اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کے لیے متحدہ عرب امارات میں خوشگوار قیام کی خواہش کرتے ہوئے عالی ذی وقار نے کمیٹی میں شامل تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
اس کے بعد.. نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان اور کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ علی اليحيا نے متحدہ عرب امارات اور دولت کویت کے درمیان مشترکہ سپریم کمیٹی کے پانچویں اجلاس کے منٹس پر دستخط کیے۔ ساتھ ہی ساتھ اس دوران عالی ذی وقار نے دونوں دوست ممالک کے درمیان مفاہمت کی 8 یادداشتوں اور ایگزیکٹو پروگراموں پر دستخط کا بھی مشاہدہ کیا۔
مفاہمت کے میمورنڈم اور ایگزیکٹو پروگراموں میں درج ذیل چیزیں شامل ہیں: 
- بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور کویت کی حکومت کے درمیان مفاہمت کا میمورنڈم، اس پر توانائی اور انفراسٹرکچر کے وزیر عزت مآب سہیل بن محمد المزروعی اور کویتی وزیر خارجہ عزت مآب عبداللہ علی اليحيا نے دستخط کیے۔
-  متحدہ عرب امارات کی حکومت اور کویت کی حکومت کے درمیان معیاری کاری کی سرگرمیوں کے میدان میں تعاون کے حوالے سے مفاہمت کا میمورنڈم، اس پر وزیر صنعت اور جدید ٹیکنالوجی عزت مآب ڈاکٹر سلطان احمد الجابر اور کویتی وزیر برائے خارجہ امور عالی وقار عبداللہ علی اليحيا نے دستخط کئے۔
- متحدہ عرب امارات کی حکومت اور کویت کی حکومت کے درمیان مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام میں تعاون کے حوالے سے مفاہمت کا میمورنڈم، اس پر صنعت اور جدید ٹیکنالوجی کے وزیر عزت مآب ڈاکٹر سلطان احمد الجابر اور کویت کے وزیر خارجہ عالی وقار عبداللہ علی اليحيا نے دستخط کیے۔
- متحدہ عرب امارات کی حکومت اور کویت کی حکومت کے درمیان 2024-2027 کے لیے تعلیمی تعاون کا انتظامی پروگرام، اس پر وزیر تعلیم سارہ بنت یوسف الامیری اور کویتی وزیر خارجہ عبداللہ علی اليحيا نے دستخط کئے۔
-  متحدہ عرب امارات کی حکومت اور دولت کویت کی حکومت کے درمیان 2024-2026 کے لیے کھیلوں کے میدان میں ایگزیکٹو پروگرام، اس پر وزیر کھیل ڈاکٹر احمد بن عبداللہ حمید بالهول الفلاسی اور کویتی وزیر خارجہ عبداللہ علی اليحيا نے دستخط کئے۔
- حکومت متحدہ عرب امارات اور حکومت کویت کے درمیان 2024-2026 کے لیے ثقافتی تعاون کا انتظامی پروگرام، اس پر وزیر ثقافت شیخ سالم بن خالد القاسمی اور کویتی وزیر خارجہ عالی وقار عبداللہ علی اليحيا نے دستخط کئے۔
-  سائبرسیکیوریٹی کونسل کی نمائندگی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی حکومت  نیز نیشنل سینٹر فار سائبرسیکیوریٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے حکومت کویت کے درمیان مفاہمت کا میمورنڈم، اس پر متحدہ عرب امارات کی سائبر سیکیورٹی کونسل کے چیئرمین عالی وقار ڈاکٹر محمد حمد الکویتی اور کویت میں نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر کے سربراہ میجر جنرل اسٹاف عالی جناب انجینئر محمد عبدالعزیز بوعركی نے دستخط کیے۔
- متحدہ عرب امارات کی امارات کی وزارت دفاع کے درمیان ای ڈی جی ای ہولڈنگ گروپ اور کویت کی وزارت دفاع کے درمیان خریداری اور دفاعی صنعتوں کے حوالے سے مفاہمت کا میمورنڈم، اس پر ای ڈی جی ای گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او عزت مآب حمد محمد المرر اور آرمڈ اینڈ ایکوپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ریئر ایڈمرل عزت مآب فیصل خلیفہ سیف نے دستخط کیے۔
دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سپریم کمیٹی کے کام کے آغاز سے قبل عزت مآب شیخ عبدالله بن زايد آل نهيان نے عزت مآب عبداللہ علی اليحيا سے ملاقات کی۔ چنانچہ اس دوران دونوں دوست ممالک کے درمیان قائم برادرانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کے راستوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ اس دوران مشترکہ دلچسپی کے تمام امور پر بات چیت کی گئی۔
مزید برآں یہ کہ عزت مآب نے کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ علی عبداللہ اليحيا اور ان کے ہمراہ وفد کے اعزاز میں عشائیہ کا انتظام کیا۔

 

ٹول ٹپ