وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان نے وزارت خارجہ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ تقریب میں وزارت خارجہ کی حکمت عملی 2026- 2023 متعارف کرادی۔ تقریب میں شیخ عبداللہ نے چوتھے ایم او ایف اے ایکسیلنس ایوارڈ کے فاتحین کو بھی اعزازات سے نوازا۔
تقریب میں وزیرمملکت شیخ شخبوط بن نہیان آل نھیان، وزیر مملکت خلیفہ شاہین المرر، وزیر مملکت نورہ بنت محمد الکعبی اور وزارت خارجہ کے انڈر سیکرٹری خالد عبداللہ بالھول کے علاوہ وزارت کے کئی افسران نے شرکت کی۔
شیخ عبداللہ نے وزارت کی چار سالہ حکمت عملی کی تشکیل، متحدہ عرب امارات کے سفارتی امور اور ملک کی علاقائی اور عالمی حیثیت کو مزید مستحکم کرنے میں وزارت کی ٹیموں کی کوششوں اور ان کے کردارکو سراہتے ہوئے ،اگلے چار سالوں میں خدمات کو جدید بنانے، دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے اور موجودہ چیلنجزپر قابو پانے کی کوششوں کو دوگنا کرنے پر زور دیا۔
متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ سفارت کار نے کہا کہ نئی حکمت عملی 50 کے اصولوں سے ہم آہنگ ہے اور ' ہم یو اے ای 2031' ویژن کے حصول کی جانب مدد کے لیے کام کرے گی، پالیسی اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ملک کو انسانی ہمدردی کے کاموں اور سفارت کاری کے ایک معروف عالمی ماڈل کے طور پر قائم کرتے ہوئے اسے امن کے دارالحکومت کے طور پرفروغ دیا جائے۔
وزارت کی ٹیم نے ایم او ایف اے کی 2023-2026 حکمت عملی سے متعلق تفصیلات کے حوالے سے بتایا کہ یہ حکمت عملی یو اے ای کی ساکھ اور نرم طاقت کو بڑھانے؛ ترقی اور متعلقہ سرگرمیوں پر عالمی مکالمے میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو مستحکم کرنے ؛ 'خوشحالی اور ترقی کے فروغ کے لیے علاقائی اور عالمی سطح پر متحدہ عرب امارات کے اقتصادی اثرات اور مسابقت میں اضافے؛ غیر معمولی قونصلر خدمات فراہم کرکے بیرون ملک اماراتی کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ؛ اور علاقائی امن اور استحکام کو برقرار رکھنے، مضبوط اسٹریٹجک تعلقات استوار کرنے اور بین الاقوامی قانون کا احترام کرنے کے لیے عالمی کوششوں کی حمایت کے پانچ ستونوں پر مشتمل ہے۔
تقریب کے اختتام پر شیخ عبداللہ نے وزارت کے چوتھے ایکسی لینس ایوارڈ کے فاتحین کو اعزازات سے نوازا اور انہیں ان کی کامیابی پر مبارکباد دی۔