ایک اماراتی اقتصادی وفد نے کیا فن لینڈ کا دورہ، متعدد ممتاز کمپنیوں کے ساتھ کی میٹنگز
جمعه 22/11/2024
معاون وزیر برائے اقتصادی اور تجارتی امور عزت مآب سعید مبارک الہاجری کی سربراہی میں ایک اماراتی وفد نے فن لینڈ کی ممتاز کمپنیوں سے میٹنگز کیں، چنانچہ اس وفد میں وزارت خارجہ، وزارت اقتصادیات، وزارت سرمایہ کاری، فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ابوظہبی انوسٹمنٹ آفس، اتحاد ریل اور متعدد اماراتی کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔
چنانچہ اس دورے کا مقصد فن لینڈ اور فن لینڈ کی کمپنیوں کے ساتھ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، توانائی، تعلیم، خلائی اور مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو گہرا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
علاوہ ازیں، دونوں فریقوں کے درمیان اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو بڑھانے کے مقصد سے اس وفد نے فن لینڈ میں کاروباری اور صنعت کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اس کے ساتھ ساتھ جدید ٹکنالوجی، تعلیم، توانائی اور فوڈ سیکیورٹی کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے فن لینڈ کی ممتاز اسٹارٹ اپ کمپنیوں کے ساتھ ایک گول میز بھی منعقد کی گئی جس میں مختلف سرکاری اداروں اور اماراتی کمپنیوں نے شرکت کی۔
اس دورے کے دوران، ملک کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فن لینڈ کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان تجربات اور بہترین طریقوں کا تبادلہ کرنے کی غرض سے اس وفد نے فن لینڈ کے چیمبرز آف کامرس کے سی ای او سے ملاقات کی۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور مواصلات کے شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کے امکانات کو بڑھانے کے مقصد سے اس وفد نے Nokia، SiloAI اور ICEYE کے ساتھ بھی دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔
اس دورے میں "SLUSH 2024" نمائش کا دورہ بھی شامل تھا، جس میں انٹرپرینیورشپ اور اسٹارٹ اپ کمپنیوں کی حوصلہ افزائی پر توجہ دی گئی تھی۔ واضح رہے کہ اس میں 5,000 سے زیادہ اسٹارٹ اپ کمپنیوں اور مختلف ممالک کے 3,000 سے زیادہ سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔