عبداللہ بن زاید کی ترکمانستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ہوئی ملاقات
جمعرات 21/11/2024
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبدالله بن زايد آل نهيان نے آج ابوظہبی میں ترکمانستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ راشد میردوف کا استقبال کیا۔
چنانچہ اس ملاقات کے دوران متحدہ عرب امارات اور ترکمانستان کے درمیان اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے راستوں کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اپنی اس خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان ان اہم شعبوں میں تعاون اور شراکت داری کے پہلوؤں کو فروغ اور ترقی دینے میں معاون ثابت ہو گا جس سے کہ ان کے ترقیاتی اہداف کو پورا کیا جاسکے گا، عزت مآب شیخ عبدالله بن زايد آل نهيان نے عزت مآب راشد میردوف کے اس دورے کا خیرمقدم کیا۔ چنانچہ اس دوران آپ نے متحدہ عرب امارات اور ترکمانستان کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات کو خوب خوب سراہا۔
علاوہ ازیں، عزت مآب اور ترکمانستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے بین الاقوامی تنظیموں کے فریم ورک کے اندر دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون پر بھی بات چیت کی۔ نیز آپ دونوں نے مشترکہ دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور کا جائزہ لیا اور ان سے متعلق گفتگو کی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس میٹنگ میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے وزیر محترم سہیل بن محمد المزروعی اور وزیر مملکت محترم احمد بن علی الصایغ نے بھی شرکت کی۔